ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / حلب سے باغیوں کے انخلا کا معاہدہ طے پا گیا

حلب سے باغیوں کے انخلا کا معاہدہ طے پا گیا

Thu, 15 Dec 2016 11:32:34    S.O. News Service

دمشق ،14؍دسمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)شام کی حکومت اور حلب میں لڑنے والے باغیوں نے ایک معاہدہ پر اتفاق کیا ہے کہ جس کے تحت جنگ سے تباہ حال اس شہر سے حزب مخالف کے جنجگووں اور ہزاروں شہریوں کا انخلا ہو سکے گا۔یہ معاہدہ ترکی اور روس کی کوششوں سے طے پایا جس کا اعلان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس سے قبل کیا گیا جب کہ منگل کو ہی اقوام متحدہ نے دعویٰ کیا کہ حکومت کے حامیوں نے باغیوں کے زیر قبضہ علاقوں میں درجنوں شہریوں کو ہلاک کیا ہے۔اس معاہدے کی تفصیلات منگل دیر تک پوری طرح واضح نہیں تھیں اور یہاں سے منتقل ہونے والے شہریوں کے لیے متبادل مقام اور باغیوں کو دی جانے والی حکومت رعایت کے بارے میں معلومات دستیاب نہیں ہو سکیں۔اقوام متحدہ کے لیے روس کے سفیر ویتالی چرکن کا کہنا ہے کہ یہاں سے نکلنے والے اکثر باغی جنگجو ادلب منتقل ہوں گے جو کہ حلب سے 60کلومیٹر جنوب مغرب میں واقع ایک لاکھ 65ہزار آبادی والا شہر ہے۔چرکن نے اس معاہدے کو حلب کے لیے ایک بہت مشکل باب کا خاتمہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت کو امید ہے کہ سیاسی مذاکرات کے دوبارہ آغازکی راہ ہموار کرے گا۔ادھر شام کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی اسٹیفان ڈی مستورا نے مشرقی حلب میں صورتحال کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ فوری طور پر اقوام متحدہ کو مشرقی حلب تک رسائی دی جائے جو معاہدے کی پاسداری اور شہریوں کے انخلا کا جائزہ لے۔اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری بان کی مون نے 15رکنی سلامتی کونسل کو بتایا کہ عالمی ادارہ حتمی معاہدے کے نفاذ میں تعاون کے لیے تیار ہے۔


Share: